بھٹکل 22 دسمبر (ایس او نیوز) بھٹکل جماعت المسلمین کا سالانہ اجلاس جمعہ کی شب کو منعقد ہوا جس میں جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے عوام سے اجتماعیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج لوگوں کا جماعت پر سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے لوگ اپنے آپ کو اجتماعیت سے کاٹ رہےہیں۔ مولانا نے کہا کہ قاضی شریعت کی روشنی میں فیصلہ کرتا ہے لیکن بعض لوگ اپنے حق میں فیصلہ نہ ہونے پر قاضی صاحب پر تنقید کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ قاضی صاحب نے ایک طرفہ فیصلہ سنایا ہے ۔جبکہ اپنے حق میں فیصلہ آنے پر قاضی صاحب کی تعریف میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔
جلسہ میں مولانا اقبال نائطے ندوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کو متحد ہو کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رہنے کی ضرورت ہے، اللہ کا ہاتھ اور اللہ کی مدد اجتماعیت پر ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ بھیڑیا اسی بکری پر حملہ کرتا ہے جو ریوڑ سے الگ رہتی ہے۔
سالک کولا کی قرات سے جلسہ کا آغاز ہوا، اصغر صدیقی نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کیا۔ جناب ایس جے سید ہاشم نے آئے ہوئے مہمانوں و شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا ۔جماعت المسلمین کے جنرل سکریٹری مولوی طلحہ رکن الدین ندوی نے جماعت کی سالانہ رپورٹ پیش کی، جناب قادر میرا پٹیل نے سالانہ بجٹ پیش کیا، جلسہ میں جماعت کے نائب قاضی صاحبان مولانا عبد الرب ندوی ، مولانا عبد العظیم قاضیا ندوی سمیت جناب ایس ایم سید عبدالعظیم، جناب عبدالرحیم جوکاکو و کافی دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ جماعت کے صدر جناب ایس پی شفیع صاحب نے صدارت کی۔ جلسہ کے دوران عوام کے لیے سوالات کا بھی وقت دیا گیا تھا، جس کے اطمینان بخش جوابات دئے گئے۔